ڈھاکہ، 10؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بنگلہ دیش کی حکومت نے ہندوستان کے عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے پیس ٹی وی چینل کی نشریات پر پابندی لگا دی ہے۔
وزیر صنعت عامر حسین امو نےبتایا کہ ممبئی کے اسکالر کے’’ پیس ٹی وی بنگلہ‘‘پر پابندی لگانے کا فیصلہ قانون نظام پر کابینہ کمیٹی کی خصوصی میٹنگ میں لیا گیا جس کی صدارت انہوں نے خود کی۔ امو نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں سینئر وزراء اور اعلی سیکورٹی حکام نے حصہ لیا جس میں جمعہ کو نماز کے دوران تقریر کی نگرانی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ آیا کوئی اشتعال انگیز تقریرتو نہیں دی گئی۔
سمجھا جاتا ہے کہ ڈاکٹر ذاکرنائیک کی تقریر سے متاثر ہوکر کچھ بنگلہ دیشی دہشت گردوں نے یکم جولائی کو ڈھاکہ کے ایک ریستوران میں 22افراد کو مار ڈالا تھا جس میں زیادہ تر غیر ملکی شہری تھے۔وزیر نے کہا کہ حکومت نے ملک کے اماموں سے اپیل کی ہے کہ اسلام کی حقیقی نظریات کے مطابق خطبہ دئے جائیں اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کی مذمت کی جائے۔